59 لاکھ روپئے مختص، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کے احکامات
حیدرآباد۔/24ستمبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ملازمین کی تنخواہوں کیلئے 50لاکھ روپئے جاری کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج احکامات جاری کئے۔ جاریہ سال بجٹ میں دونوں مساجد کیلئے 59 لاکھ روپئے مختص کئے گئے تھے جن میں سے 50لاکھ روپئے جاری کئے گئے ہیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو مجاز کیا گیا ہے کہ وہ رقم حاصل کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کو جاری کریں۔ واضح رہے کہ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ملازمین گذشتہ چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں اور اعلیٰ عہدیداروں سے مسلسل نمائندگی کے باوجود وہ خود کو بے بس تصور کررہے تھے۔ محکمہ فینانس سے بجٹ کی اجرائی میں تاخیر کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ 50لاکھ کی اجرائی سے دونوں مساجد کے ملازمین نے راحت کی سانس لی ہے۔ اسی دوران ہر سال رمضان المبارک کے موقع پر حکومت دونوں مساجد کے ملازمین کیلئے ایک ماہ کی تنخواہ بطور بونس جاری کرتی ہے لیکن یہ رقم کی اجرائی رمضان میں ممکن نہ ہوسکی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ بونس آج تمام ملازمین کو جاری کیا گیا۔ مکہ مسجد کے سپرنٹنڈنٹ گذشتہ 7 ماہ سے تنخواہ سے محروم ہیں۔ دونوں مساجد کے بارے میں محکمہ اقلیتی بہبود کے معاندانہ رویہ سے ملازمین اور مصلیوں میں برہمی پائی جاتی ہے۔