حیدرآباد۔/5فبروری، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ملازمین کی تنخواہوں کی فی الفور ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے گزشتہ دو ماہ سے تنخواہ کی عدم اجرائی پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں وہ اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایات دے چکے ہیں اس کے باوجود تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر انہیں افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی کمی کوئی مسئلہ نہیں ہے اور اقلیتی بہبود کے کسی بھی مد سے تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ ہنگامی صورت میں کسی بھی اقلیتی ادارہ کے بجٹ کا استعمال ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب ملازمین کو دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی یقیناً ان ملازمین کیلئے مسائل کا سبب بنے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سکریٹری اقلیتی بہبود اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو اس سلسلہ میں ضروری کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مکہ مسجد کی سیکورٹی پر تعینات ہوم گارڈز کو بھی تنخواہیں جلد جاری کردی جائیں گی۔ جناب محمود علی کے مطابق ملازمین کیلئے نذرانہ کے طور پر جاری کی گئی رقم کی عدم اجرائی کے سلسلہ میں وہ عہدیداروں سے معلومات حاصل کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بہت جلد مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے ملازمین کے مسائل اور مسجد میں زیر التوا تعمیری کاموں کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جو بھی کام زیر التوا ہیں ان کی فوری تکمیل کیلئے درکار بجٹ جاری کیا جائے گا۔