مکہ مدینہ علاء الدین وقف کرایہ داروں کے خلاف فوجداری کارروائی

کرایہ کی عدم ادائیگی کے فیصلہ پر بورڈ کا سخت موقف ، کرایہ داروں اور بورڈ کا اجلاس
حیدرآباد۔31جولائی (سیاست نیوز) مکہ مدینہ علا الدین وقف کے کرایہ داروں کے خلاف وقف بورڈ نے فوجداری کارروائی کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ کرایہ داروں نے وقف بورڈ کو کرایہ ادا کرنے سے انکار کردیا۔ اس مسئلہ کی یکسوئی کے لیے کرایہ داروں اور وقف بورڈ کے عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہوا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایم اے منان فاروقی کی موجودگی میں کرایہ داروں کے وفد نے اپنے مسائل پیش کیئے۔ وقف بورڈ نے واضح کیا کہ مکہ مدینہ علا الدین وقف کے تحت تمام 700 ملگیات وقف بورڈ کی راست نگرانی میں ہے اور ٹرسٹ کو معطل کیا جاچکا ہے۔ لہٰذا تمام کرایہ داروں کو چاہئے کہ وہ اپنے کرایہ جات وقف بورڈ کو ادا کریں۔ گزشتہ تین سال سے اگرچہ یہ وقف جائیداد وقف بورڈ کی راست نگرانی میں ہیں لیکن ٹرسٹ کے عہدیدار کرایہ حاصل کررہے ہیں۔ کرایہ داروں نے کہا کہ وہ وقف بورڈ اور ٹرسٹ کے درمیان پھنس چکے ہیں اور وہ یہ طے کرنے سے قاصر ہیں کہ کسے حقیقی مالک تصور کرے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں سے وقف بورڈ کے کسی عہدیدار نے کرایہ کے لیے ربط قائم نہیں کیا۔ جبکہ ٹرسٹ کی جانب سے پابندی سے کرایہ وصول کیا جارہا ہے۔ اگر یہ جائیداد وقف بورڈ کی راست نگرانی میں ہے تو پھر تین سال سے ہی کرایہ حاصل کرنا چاہئے تھا۔ وقف بورڈ اور کرایہ داروں کے درمیان تنازعہ کی یکسوئی نہیں ہوسکی اور گرماگرم مباحث کے بعد چیف ایگزیکٹیو آفیسر منان فاروقی نے کہا کہ اگرچہ کرایہ داروں کو نوٹس جاری کردی گئی ہے، تاہم اب تخلیہ کی نوٹس کے ساتھ کریمنل کیس درج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو کرایہ دار وقف بورڈ کے احکام ماننے سے انکار کریں گے ان کے خلاف فوجداری کارروائی کرتے ہوئے ملگیوں کا تخلیہ کرایا جائے گا۔ موجودہ کرایہ دار اضافی کرایہ ادا کرنے سے انکار کررہے ہیں اور وقف بورڈ گزشتہ تین سال سے لاکھوں روپئے کی آمدنی سے محروم ہے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے کہا کہ علاالدین ٹرسٹ کو کرائے کی وصولی کا کوئی اختیار حاصل نہیں ہے اور کرایہ داروں کے خلاف کارروائی میں وقف بورڈ حق بجانب ہے۔ واضح رہے کہ وقف بورڈ کے آمدنی میں اضافہ کے لیے اہم جائیدادوں کے کرایہ داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں نبی خانہ مولوی اکبر کے کرایہ داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا اور انہوں نے اضافی کرایہ ادار کرنے سے ا تفاق کرلیا۔