تمام زخمیوں کا مقام واقعہ پر علاج ، کسی کو بھی شریک ِ دواخانہ نہیں کرنا پڑا
ریاض ، 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مکہ مکرمہ میں بھگدڑ کے واقعہ میں 18 معتمرین زخمی ہوگئے، سعودی میڈیا نے آج یہ اطلاع دی۔ گزشتہ سال کے حج کے دوران مہلک کرین سانحہ کے بعد سعودی سلطنت حفاظت و سلامتی کے اقدامات کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔ اخبار الریاض نے کہا کہ تازہ واقعہ کل شب مسجد الحرام کے قریب پیش آیا جہاں شب قدر کے موقع پر مسلمانوں کی بہت بڑی تعداد جمع تھی۔ اخبار نے محکمہ صحت کے عہدہ دار کے حوالے سے کہا کہ تمام زخمیوں کا مقام واقعہ پر ہی علاج کیا گیا اور کسی کو بھی اسپتال میں شریک کرنے کی ضرورت نہ پڑی۔ یہ بھگدڑ ایسے وقت ہوئی ہے جبکہ سعودی حکام اِس سال حج کیلئے نئے حفاظتی اقدامات وضع کرتے جارہے ہیں۔ اخبارات نے گزشتہ روز اطلاع دی کہ نئے سکیورٹی اقدامات میں رواں سال حجاج کرام کو الیکٹرانک سیفٹی بریسلٹ پہننا پڑے گا تاکہ اُن کی شخصی معلومات بشمول پتہ اور طبی مواد کو محفوظ رکھا جاسکے۔