مکمل ریاست کے درجہ کا مطالبہ اب نہیں ہونا چاہئے

دہلی میں لیفٹننٹ گورنر کو اختیارات پر عدالتی فیصلے پر بی جے پی کا ردعمل
نئی دہلی ۔4 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی بی جے پی نے لیفٹننٹ گورنر کے دفتر اور عام آدمی پارٹی کی حکومت کے درمیان اختیارات کے لئے رسہ کشی کے بارے میں آج سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ برسراقتدار پارٹی کو اب اپنے ’’سیاسی مطالبے‘‘ کو ترک کردینا چاہئے کہ اس دارالحکومت شہر کو مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے ۔ بی جے پی ایم ایل اے اور دہلی اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈروجیندر گپتا نے کہا ہے کہ آج فاضل عدالت کے فیصلے میں عام آدمی پارٹی کی حکومت کو ہدایت دی گئی ہے کہ قانون کی تعمیل کرے اور توقع ہے وہ ایسا ہی کریں گے ۔ دہلی حکومت اور مرکز کے درمیان اختیارات کیلئے رسہ کشی کے معاملے میں تاریخی فیصلہ دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے آج کہا کہ لیفٹننٹ گورنر انیل بائیجل کو فیصلہ سازی کے آزادانہ اختیارات حاصل نہیں ہے اور وہ مجلس وزراء کی اعانت اور مشورہ کے مطابق عمل کرنے کے پابند ہیں۔ عدالت نے کہا کہ مجلس وزراء کے تمام فیصلے ایل جی سے رجوع کرنا ضروری ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اُن کا بہرحال اتفاق ہی ہو ۔