نئی دہلی۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے وزیراعظم ہند نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حال ہی میں اُن سے اپنی ملاقات پر اظہارِ اطمینان کیا اور کہا کہ وہ تمام ایسے معاملات کی یکسوئی کیلئے ان کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرکے کام کرنے کے منتظر ہیں۔ وزیراعظم کے دفتر کو یہ مکتوب ہفتہ کے دن وصول ہوا۔ نواز شریف اُن قائدین میں سے ایک ہیں جنہوں نے پڑوسی ممالک سے 26 مئی کو مودی کی تقریب ِ حلف برداری میں شرکت کی تھی۔ نواز شریف نے کہا کہ غریبوں کا مستقبل اتحاد اور ہمارے مشترک معاشی مستقبل سے وابستہ ہے۔ نواز شریف نے تحریر کیا کہ وہ پورے اطمینان کے ساتھ خیالات کا بامعنی تبادلہ کرچکے ہیں۔ ایسے تمام معاملات پر جو باہمی مفاد اور علاقائی دلچسپی کے تھے، اطمینان بخش تبادلہ خیال ہوچکا ہے۔ اپنی حلف برداری کے ایک دن بعد مودی نے وزیراعظم پاکستان سے اہم باہمی مسائل بشمول دہشت گردی اور ممبئی دہشت گرد حملے کے ملزمین پر پاکستان میں عاجلانہ مقدمہ پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ نواز شریف نے کہا کہ ہماری کوششیں ایک درخشاں تر مستقبل کی بنیاد رکھیں گی۔ وزیراعظم پاکستان کا یہ مکتوب ہند۔ پاک تعلقات میں ایک مثبت تبدیلی سمجھا جارہا ہے۔