مویشیوں کے سرقہ کے شبہ میں ایک شخص ہلاک

ہریانہ میں 3 بھائیوں نے مشتبہ شخص کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا
چندی گڑھ۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ کے ضلع پلوال میں مویشیوں کے سرقہ کے شبہ پر ایک شخص کو مبینہ طور پر تین بھائیوں نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا۔ اس نامعلوم شخص کو 2 اور 3 اگست کی درمیانی شب 3 بھائیوں نے اس وقت پکڑ لیا جب وہ موضع بہرولہ میں ان کے باپ شردھارام کے گھر سے مویشیوں کے سرقہ کی کوشش کررہا تھا۔ پلوال صدر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او دیویندر نے فون پر پی ٹی آئی سے کہا کہ مہلوک کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے لیکن 20 سال سے زائد عمر کے اس نوجوان کو تین بھائیوں بیر سنگھ، پرکاش اور رام کشن نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا۔ پلوال کے سپرنٹنڈنٹ پولیس وسیم آرم نے کہا کہ ان تینوں بھائیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے رام کشن کو گرفتار کرلیا۔ وسیم اکرم نے کہا کہ یہ خاندان گاؤں سے کہیں اور اپنی کھیتوں میں تعمیر شدہ گھروں میں مقیم تھے۔ اس واقعہ سے چند دن قبل ہی مویشیوں کے اسمگلنگ کے شبہ میں پڑوسی ریاست راجستھان کے ضلع الور میں ہریانہ کے ایک دودھ فروش اکبر خاں کو ہجومی تشدد کے دوران پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا گیا تھا۔