موہن بھاگوت اب سماجی یکجہتی کا درس دیں گے

میرٹھ۔24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ذریعہ یہاں منعقدہ ہونے والے سماگم ’’راشٹرودیہ‘‘میں سرسنگھ سنچالک موہن بھاگوت مغربی اترپردیش کے 14 اضلاع کے 3 لاکھ سے زائد کارکنان کو سماجی رواداری اور یکجہتی کا پیغام دیں گے ۔اتنے بڑے پیمانے پر سنگھ کے کارکنان کے جمع ہونے کے مدنظر سکیورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ شہر میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ پروگرام کی جگہ کو اے ٹی ایس اور این ایس جی کمانڈو کے حوالے کردیا گیا ہے اور پی اے سی کی 20 کمپنیاں اور آر اے ایف کے 5000 پولیس اہلکار کو سکیورٹی کے انتظام میں لگایا گیا ہے ۔’’راشٹرودیہ‘‘کے نوڈل سکیورٹی افسر مان سنگھ چوہان نے آج یہاں میڈیا کو بتایا کہ سنگھ سماگم میں لاکھوں کی تعداد میں آر ایس ایس کارکنان کے شامل ہونے کو دیکھتے ہوئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے تحت 10 ایڈیشنل پولیس کمشنر ، 52 پولیس ڈپٹی کمشنر، 100 پولیس پریزائڈنگ افسر، 420 ڈپٹی پریزائڈنگ افسر، 2200 کانسٹبل، 20 کمپنی پی اے سی اور آر آر ایف کو تعینات کیا گیا ہے ۔