موگادیشو ایرپورٹ کے قریب خودکش دھماکے، 13 ہلاک

موگادیشو 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 13 افراد آج موگادیشو کے ایرپورٹ سے متصل اقوام متحدہ اور افریقی یونین کی عمارتوں کے قریب پیش آئے دو خودکش دھماکوں میں ہلاک ہوگئے، جسے جہادی شباب گروپ نے خودکش حملہ قرار دیا ہے۔ القاعدہ سے تعلق رکھنے والے شباب گروپ پر صومالیہ اور پڑوسی کینیا میں سلسلہ وار خونریز حملوں کا ذمہ دار قرار دیا جاتا رہا ہے اور یہ گروپ موگادیشو کی بین الاقوامی تائید و حمایت والی حکومت کو معزول کردینے کی لڑائی میں سرگرم ہے۔ پولیس عہدیدار بشار عابدی نے کہاکہ دو دھماکوں میں کم از کم 13 اموات کی توثیق ہوچکی ہے۔ ایک گاڑی کے ذریعہ دھماکہ سکیورٹی چیک پوائنٹ کے قریب کیا گیا اور دیگر یو این کمپاؤنڈ سے قریب پیش آیا۔ سکیورٹی فورسیس نے حملہ آوروں کو کسی طرح روک لیا اور مزید حملوں کو ناکام بنایا۔ شباب کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ یہ اُس کے عسکریت پسندوں کا خودکش حملہ ہوا ہے۔ اِس بیان میں افریقی یونین کے مشن برائے صومالیہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ دونوں دھماکے دو بہادر مجاہدین نے کئے ہیں اور اُنھوں نے مختلف مقامات کو نشانہ بنایا جہاں نام نہاد امن بردار مقیم ہیں۔