حیدرآباد ۔ /2 اپریل (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر ایس راجگوپال راؤ نے آج علاقہ تلنگانہ میں داخلے پر آندھراپردیش کی کمرشیل گاڑیوں پر ٹیکس عائد کئے جانے کے خلاف ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے شکایت کی ہے ۔ انہوں نے گورنر سے ملاقات کرکے ریاست کے ٹرانسپورٹرس کو درپیش مشکلات سے واقف کروایا اور بتایا کہ حکومت آندھراپردیش بھی تلنگانہ سے آنے والی گاڑیوں پر ٹیکس نافذ کرسکتی ہے لیکن وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کررہی ہے ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر راگھوا راؤ نے بتایا کہ دونوں ریاستوں کیلئے شہر حیدرآباد مشترکہ دارالحکومت ہے اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے یکطرفہ ٹیکس کی وصولی مناسب نہیں ہے اور تلنگانہ حکومت کے آمرانہ رویہ سے تلگو عوام کیلئے مشکلات پیدا ہورہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ مسئلہ ریاستی سطح پر حل نہیں کیا گیا تو مرکز سے رجوع کیا جائے گا ۔