مولی علی میں قبرستان کی اراضی تحفظ کے لیے وقف سے نمائندگی

حیدرآباد۔ 19 اپریل (سیاست نیوز) مولی علی ضلع ملکاجگری میں قبرستان کی اراضی کی فروخت کے سلسلہ میں وقف بورڈ سے شکایت کی گئی ہے۔ مقامی افراد نے وقف بورڈ کے علاوہ منڈل ریونیو آفیسر ملکاجگری، ڈپٹی کمشنر پولیس اور پولیس اسٹیشن ملکاجگری میں شکایت کی۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ سروے نمبر 422 کے تحت موجود قبرستان کی اراضی کو غیر قانونی طور پر فروخت کیا جارہا ہے۔ اس بات کی شکایت کی گئی کہ فروخت کے لیے سروے نمبر تبدیل کردیا گیا۔ مقامی افراد کی جانب سے رکاوٹ پیدا کرنے پر دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ درخواست گزاروں نے وقف بورڈ اور پولیس عہدیداروں سے اپیل کی کہ وہ فوری مداخلت کریں۔ انہوں نے درخواست کے ساتھ وقف گزٹ نوٹیفکیشن کی نقل حوالہ کی جس میں قبرستان سے متعلق تمام تفصیلات درج ہیں۔ اسی دوران بی جے پی کے اقلیتی قائد حنیف علی نے وقف بورڈ سے مطالبہ کیا کہ قبرستان کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ حکام کی لاپرواہی کے نتیجہ میں اہم اوقافی اراضیات پر غیر مجاز قبضے ہورہے ہیں۔