مولا علی میں آج رشتوں کا دوبدو پروگرام

سینکڑوں رشتے دستیاب، سرپرستوں کیلئے ہر قسم کی سہولت، جناب زاہد علی خاں شرکت و مخاطب کریں گے

حیدرآباد ۔ 22 فبروری (دکن نیوز) ادارہ سیاست و مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیراہتمام اور الفلاح سوشیو ایجوکیشن سوسائٹی لالہ گوڑہ کے تعاون و اشتراک سے مسلم لڑکوں و لڑکیوں کی شادی کیلئے برسرموقع رشتہ طئے کرنے کے سلسلہ میں دوبدو ملاقات پروگرام مولا علی (سکندرآباد) میں پہلی مرتبہ 23 فبروری اتوار کو بھارت فنکشن ہال، ایچ بی کالونی، سکنڈ فیس، مولاعلی میں منعقد ہوگا، جس کا آغاز 10 بجے دن سے ہوگا اور یہ سلسلہ 4 بجے شام تک جاری رہے گا۔ صدارت جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سرپرست اعلیٰ ایم ڈی ایف کریں گے۔ جناب عبدالحئی کی تعارفی تقریر ہوگی۔ جناب عابد صدیقی صدر فورم رپورٹ پیش کریں گے اور دونوں شہروں کے علاوہ اضلاع کریم نگر، محبوب نگر ، ورنگل میں منعقدہ پروگرام میں جس طرح والدین و سرپرستوں نے رشتوں کے تلاش میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے اس سے واقف کروائیں گے اور ساتھ ہی والدین و سرپرستوں کا خیرمقدم کریں گے۔

والدین و سرپرستوں کو بھارت فنکشن ہال پہنچنے کیلئے دونوں شہروں سے آر ٹی سی بس کا نظم ہے۔ افضل گنج سے مولا علی 3 نمبر، ای سی آئی ایل سے 16 ، 17 نمبر، سکندرآباد سے 242 نمبر، نامپلی سے 136 نمبر فنکشن ہال تک پہنچے گی۔ والدین و سرپرستوں کو چاہئے کہ وہ اپنے ہمراہ بائیو ڈاٹا کے ساتھ لڑکے و لڑکیوں کے دو عدد فوٹوز ضرور رکھیں۔ جناب سید تاج الدین صدر الفلاح سوشیو ایجوکیشن سوسائٹی، محمد جہانگیر سکریٹری سوسائٹی، سید زین العابدین آرگنائزنگ سکریٹری، محمد عثمان نائب صدر، خواجہ میاں کے علاوہ ارکان ایم ڈی ایف نے عامتہ المسلمین سے خواہش کی کہ وہ اس پروگرام میں شرکت کرکے استفادہ کریں۔ مزید تفصیلات کیلئے جناب ایم اے قدیر نائب صدر سے فون نمبر 9394801526 پر ربط کریں۔