مولانا عبد القوی کی رہائی کیلئے کوششیں تیز

احمد آباد ۔ 6؍ اپریل (ای میل) عین انتخابات سے قبل حیدرآباد کے عالم دین مولانا عبدالقوی کی گرفتاری سے حیران و پریشان جمعیۃالعلماء ہند نے قانونی اور سیاسی سطح پر ان کی رہائی کی جدوجہد کو موثر بنانے کے لئے نامور وکلاء کی ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو ان کے دفاع میں 7؍ اپریل کو احمد آباد کے پوٹا کورٹ میں موجود رہیں گے ساتھ ہی وکلاء کے ساتھ کوآرڈینیشن کے لئے جمعیۃ العلماء ہند کے قومی سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی جمعیۃ العلماء حیدرآباد کے جنرل سکریٹری حافظ خلیق صابر اور جمعیۃ العلماء مہاراشٹرا کے صدر حافظ ندیم صدیقی بھی اس موقع پر احمد آباد میں موجود رہیں گے ۔ یہ اطلاع مولانا حکیم الدین قاسمی نے دی ہے ۔ دوسری طرف آج جمعیۃ العلماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی ہدایت پر تنظیم کے ایک وفد نے اسی معاملے کو لے کر گجرات کے گورنر سے ملاقات کی اور میمورنڈم پیش کیا ‘ جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ان کی فوری رہائی کا بندوبست کریں اور اپنی آئینی ذمہ داری کو ادا کرتے ہوئے گجرات پولیس سے اس معاملے میں باز پرسی کریں ۔ جمعیۃ العلماء کا ایک وفد مولانا رفیق احمد بڑودی صدر جمعیۃ العلماء گجرات کی سربراہی میں گاندھی نگر میں واقع راج بھون پہنچا اور گورنر شریمتی کملا دیوی سے ایک گھنٹے کی تفصیلی ملاقات کے درمیان مولانا عبدالقوی کی گجرات پولیس کے ذریعہ اچانک گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کے سامنے ساری تفصیلات پیش کیں ۔ سربراہ وفد مولانا رفیق کے مطابق گورنر نے یقین دلایا ہے کہ وہ اس معاملے سے متعلق محکمہ کو خط لکھ کر ناانصافی اور زیادتی سے باز رہنے کی ہدایت دیں گی اور ساتھ ہی مولانا کی رہائی کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گی ۔