حیدرآباد 16 جون ( سیاست نیوز)ناظم مدرسہ اشرف العلوم مولانا محمد عبدالقوی کی درخواست ضمانت آج احمد آباد پوٹا کی خصوصی عدالت میں داخل کی گئی اور اس کی سماعت 19 جون کو مقرر کی گئی ہے۔ احمد آباد ڈیٹکشن کرائم برانچ نے مولانا کے خلاف چار دن قبل پوٹا عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ واضح رہے کہ جاریہ سال مارچ میں مولانا عبدالقوی کو احمد آباد کرائم برانچ کے عہدیداروں نے دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر دس سال پرانے کیس DCB-6 میں گرفتار کر کے سابرمتی جیل منتقل کردیا تھا۔ مولانا کو 14 دن کی پولیس تحویل میں بھی لیا گیا تھا اور بعدازاں انہیں دوبارہ عدالتی تحویل میں دیدیا گیا۔ مولانا عبدالقوی کے وکلاء نے سابق میں درخواست ضمانت داخل کی تھی جسے خصوصی پوٹا کے جج نے مسترد کردیا تھا۔ آج سوشیل نیٹ ورکنگ ویب سائیٹس پر مولانا کی رہائی کی خبر پھیلنے کے بعد ان کے بہی خواہوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جو عارضی ثابت ہوئی ۔ اس خبر کی تردید کرتے ہوئے مولانا کے افراد خاندان نے آج داخل کی گئی درخواست ضمانت پر دعاؤں کی اپیل کی ہے۔