کتابوں کی اشاعت کے لیے امدادی رقم میں بھی اضافہ ، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد ۔ 2 ۔نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ کی رقم کو دوگنا کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس طرح ہر سال 11 نومبر کو مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کے موقع پر کسی ممتاز شخصیت کو دیئے جانے والے اس ایوارڈ کی رقم ایک لاکھ 25 ہزار روپئے سے بڑھاکر 2 لاکھ 25 ہزار کردی گئی ہے ۔اس طرح اس رقم میں ایک لاکھ روپئے کا اضافہ کیا گیا۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے ایوارڈ کی رقم میں اضافہ کیلئے حکومت کو تجویز روانہ کی تھی ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے تجویز کا جائزہ لیتے ہوئے اضافہ منظوری دیدی ہے۔ اردو اکیڈیمی کی جانب سے ہر سال 11 نومبر کو کسی ممتاز ادیب ، شاعر ، اسکالر ، ماہر تعلیم ، سماجی خدمت گزار یا صحافی کو مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ پیش کیا جاتا ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے اردو ادیبوں اور شاعروں کی تصانیف پر جزوی امداد کی رقم میں اضافہ کی منظوری حاصل کی ہے ۔ اردو اکیڈیمی کی جانب سے فروغ اردو کے تحت کتابوں کی اشاعت پر جزوی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ مختلف سائز اور صفحات پر مشتمل کتابوں کیلئے جزوی امداد کی رقم علی الترتیب 12000 اور 15000 روپئے ہے۔ پرنٹنگ کی لاگت میں اضافہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے مختلف گوشوں سے امدادی رقم میں اضافہ کی نمائندگی کی گئی۔ پروفیسر ایس ا شکور نے رقم میں اضافہ کی تجویز حکومت کو روانہ کی۔ سکریٹری ا قلیتی بہبود نے اضافہ کو منظوری دیتے ہوئے 12000 کو بڑھاکر 15000 اور 15000 کو بڑھاکر 18000 کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ دونوں اسکیمات پر اضافی رقم کے ساتھ عمل آوری جاریہ سال سے شروع ہوگی۔ واضح رہے کہ حکومت نے جاریہ سال سے مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات پر پیش کئے جانے والے مخدوم ایوارڈ کی رقم کو ایک لاکھ سے بڑھاکر دو لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ کارنامۂ حیات ایوارڈ کی رقم 25,000 سے بڑھاکر 50000 کردی گئی ہے۔ مولانا ابوالکلام آزاد ایوارڈ کی پیشکشی کیلئے 17 نومبر کو چومحلہ پیالیس خلوت میں تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس تقریب میں اردو میڈیم طلبہ اور اساتذہ کو بیسٹ اردو ٹیچر اور بیسٹ اردو اسٹوڈنٹس ایوارڈس پیش کئے جائیں گے۔ تقریب کے اختتام پر شامِ غزل کا اہتمام کیا جائے گا۔ ممبئی کے ممتاز غزل گلوکار مدعو کئے جارہے ہیں۔