مختلف پروگراموں کو قطعیت ، حکومت تلنگانہ کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 31۔اکتوبر (سیاست نیوز) حکومت نے 11 نومبر کو مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کو بطور یوم اقلیتی بہبود منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے مختلف پروگراموں کو قطعیت دی جارہی ہے ۔ 11 نومبر کو محکمہ کی جانب سے نظام کالج گراؤنڈ پر تقاریب کے انعقاد کی تجویز ہے جس میں تلنگانہ کے تمام اقلیتی اقامتی اسکولس کے طلبہ شرکت کریں گے ۔ اقامتی اسکول سوسائٹی اس تقریب میں اہم رول ادا کرے گی ۔ حکومت کی جانب سے ہر سال یوم اقلیتی بہبود کے موقع پر مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ پیش کیا جاتا ہے۔ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیت کو اس ایوارڈ کیلئے منتخب کیا جائے گا ۔ حکومت ایوارڈ کیلئے کسی موزوں شخصیت کے نام کا انتخاب کرے گی ۔ یوم اقلیتی بہبود کے موقع پر مختلف اقلیتی اداروں کے اسٹالس قائم کئے جائیں گے تاکہ اقلیتی اداروںکی کارکردگی سے عوام کو واقف کرایا جاسکے۔ اس کے علاوہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات سے عوام کو متعارف کیا جائے گا ۔ اردو اکیڈیمی کی جانب سے بھی مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بیسٹ اردو ٹیچر اور بیسٹ اردو اسٹوڈنٹ ایوارڈ پیش کئے جائیں گے۔ ریاست بھر سے موصولہ درخواستوں کی بنیاد پر دونوں ایوارڈس کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ یوم آزاد تقاریب کے سلسلہ میں قوالی کا پروگرام منعقد کرنے کی بھی تجویز زیر غور ہے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج عہدیداروں کے ساتھ 11 نومبر تقاریب کے انعقاد کا جائزہ لیا۔