مولانا آزاد یونیورسٹی میں دھاندلیاں، سی بی آئی تحقیقات پر زور

مرکزی وزیر سمرتی ایرانی سے کشن ریڈی صدر تلنگانہ بی جے پی کی نمائندگی
حیدرآباد ۔ 9 مئی (سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی نے مرکزی حکومت سے خواہش کی کہ وہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں پیش آئے بے قاعدگیوں کی تحقیقات کروائیں۔ تلنگانہ یونٹ کے صدر مسٹر جی کشن ریڈی نے آج مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل شریمتی سمرتی ایرانی کو ایک یادداشت حوالے کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں بے قاعدگیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں جس کی سی بی آئی تحقیقات کروائیں۔ کشن ریڈی نے مرکزی وزیر سے خواہش کی کہ وہ یونیورسٹی ہذا کے موجودہ وائس چانسلر کی میعاد میں مزید توسیع نہ کریں۔ صدر تلنگانہ بی جے پی نے اپنے مکتوب میں مزید بتایا کہ انہیں کئی افراد سے نمائندگیاں اور شکایتیں وصول ہوئی ہیں، جس میں یونیورسٹی میں ہونے والی بے قاعدگیوں کو فوری روک لگانے اور خاطیوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا۔ کشن ریڈی نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی میں اعلیٰ عہدیدار اپنی من مانی کرتے ہوئے اپنے عزیزواقارب اور رشتہ داروں کو عہدوں پر فائز کررہے ہیں اور حالیہ دنوں میں یونیورسٹی میں وائی فائی کے نام پر 10 کروڑ کا غبن بھی منظرعام پر آیا ہے۔ نمائندگی کے وقت ان کے ہمراہ مسٹر حنیف اور دیگر بی جے پی قائدین بھی موجود تھے۔