مولانا آزاد کی مجوزہ یوم پیدائش تقریب

تلنگانہ کی نامور شخصیات سے موسوم ایوارڈس کی تجویز ، فاروق حسین کی نمائندگی
حیدرآباد۔ 5 اکتوبر (سیاست نیوز) جناب محمد فاروق حسین نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ایک مکتوب حوالے کیا اور اس بات کی خواہش کی کہ مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کے موقع پر ریاست تلنگانہ کی 12 نامور شخصیات کے نام سے موسوم ایوارڈس کی حوالگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سابق میں بھی اس سلسلے میں نمائندگی کی تھی اور اس نمائندگی پر ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس بات کا تیقن دیا تھا کہ کانگریسی رکن قانون ساز کونسل کی جانب سے کی گئی نمائندگی کا سنجیدہ نوٹ لیتے ہوئے اس سلسلے میں احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی لیکن تاحال ایسا نہیں ہوپایا۔ جناب محمد فاروق حسین نے چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران انہیں اس مسئلہ سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ آئندہ ماہ 11 نومبر کو مولانا آزاد کی یوم پیدائش تقاریب منعقد ہورہی ہے، اسی لئے قبل از وقت وہ نمائندگی کررہے ہیں۔ انہوں نے سابق میں کی گئی نمائندگی میں دیئے گئے ناموں میں مزید اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والی ایسی نامور شخصیات جنہوں نے شہر و ریاست کے مفادات کے تحفظ کے علاوہ ترقی کے لئے کام کئے ہیں، ان کے نام سے موسوم ایوارڈس بھی دیئے جانے چاہئیں۔ محمد فاروق حسین کی جانب سے کی گئی نمائندگی میں اس بات کی خواہش کی گئی ہے کہ فضیلت جنگ حضرت مولانا انواراللہ فاروقیؒ بانی جامعہ نظامیہ، بہادر یار جنگ جناب محمد بہادر خاںؒ بانی مجلس اتحادالمسلمین، جناب عابد علی خاں بانی روزنامہ سیاست، کامریڈ مخدوم محی الدین، جناب سید لطیف الدین قادری بانی رہنمائے دکن، جناب سلطان صلاح الدین اویسی، جسٹس سردار علی خاں، جناب سید مکثر شاہ، حافظ ابو یوسف، محترمہ بانو طاہرہ سعید، نواب میر احمد علی خاں اور جناب سید رحمت علی کے نام سے ایوارڈس موسوم کئے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر نے مذکورہ مکتوب حاصل کرتے ہوئے اس پر مثبت ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ اس سلسلے میں وہ ضرور اقدامات کرتے ہوئے احکامات کی اجرائی کو یقینی بنائیں گے۔