حیدرآباد 14 ڈسمبر ( این ایس ایس ) مرکزی وزیر لیبر و روزگار بنڈارو دتاتریہ نے موسی ندی کی صفائی کیلئے 800 کروڑ روپئے کی منظوری کا اعلان کیا ۔ وزیر موصوف نے حیدرآباد کی ترقی کیلئے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر حیدرآباد کو ایک ماڈل ہب بنانے کی سمت اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات اور پچھڑے ہوئے طبقات کیلئے مستقل پناہ گاہ ( شیلٹر ) قائم کئے جائیں گے اور سرکاری اسکولس میں بیت الخلا تعمیر کئے جائیں گے ۔ دریائے موسی کی صفائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ حیدرآباد کی ترقی کیلئے درکار معاشی امداد پر فوری رپورٹ اور تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی انہیں تجاویز اور رپورٹس مل جائیں گی حیدرآباد میں بہتر انفرا اسٹرکچر اور سہولیات کی فراہمی کیلئے فنڈز جاری کردئے جائیں گے ۔ مرکزی حکومت حیدرآباد کی ترقی کو یقینی بنانے مناسب فنڈز فراہم کریگی ۔