موسمی صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے جی ایچ ایم سی میں راڈار سسٹم کی تنصیب

حیدرآباد۔23ستمبر(سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے راڈار کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے اور اس عصری راڈر کے ذریعہ بارش اور بادلوں کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ جی ایچ ایم سی کے صدر دفتر میں لگائے گئے اس کنٹرول بورڈ کے ذریعہ دیگر متعلقہ محکمہ ٔ جات کے عہدیداروں و اہلکاروں کے علاوہ عوام کو مطلع کیا جا سکے۔ بتایا جاتا ہے کہ موسمی حالات پر گہری نظر رکھنے کیلئے نصب کردہ اس بورڈ پر مختلف رنگوں کی لائٹس نصب کی گئی ہیں جس پر بادل کے موقف کے علاوہ بارش کے امکانات کی تفصیل دکھائی جا رہی ہے اور اس راڈر سسٹم پر موجود تفصیلات کے مطابق ہی ایمرجنسی عملہ کو متحرک کیا جا رہاہے اور حالات کو قابو میں رکھنے کیلئے دیگر محکمہ ٔ جات سے بھی رابطہ قائم کیا جا رہا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادکے حدود اور آسمانوں میں بادل کے موقف اور بارش کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔