مودی ۔ عمران ٹیلیفون بات چیت سے تعلقات مضبوط ہونے کی توقع

دونوں ملکوں کو باہمی روابط میں استحکام لانا ضروری ،سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی کا بیان
سرینگر۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر عمران خان کے ساتھ ٹیلیفونی بات چیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی نے آج توقع ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں قابل لحاظ استحکام آئے گا۔ عمران خان کی کامیابی پر وزیراعظم نریندر مودی نے مبارکباد دی تھی۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ دونوں پڑوسی ملکوں کو باہمی روابط میں استحکام لانا ضروری ہے۔ توقع کی جاتی ہے کہ دونوں ممالک ماضی کی تلخیوں کو پیچھے چھوڑ کر آگے کی طرف پیشرفت کریں گے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان قابل لحاظ دوستی کا ماحول پیدا ہوچکا ہے۔ محبوبہ مفتی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’’پاکستان کے متوقع وزیراعظم نے ہندوستان کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کل عمران خان سے بات چیت کرتے ہوئے ان کی پارٹی کی واحد بڑی سیاسی جماعت بن کر اُبھرنے پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان کی قومی اسمبلی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو حکومت سازی کیلئے درکار اکثریت حاصل نہیں ہوئی تاہم وہ حکومت سازی کیلئے کوشش کررہی ہے۔ وزیراعظم مودی نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہوں گی۔ انہوں نے تمام ہمسایہ ملکوں میں امن اور خوشحالی کیلئے اپنے ویژن کا اعادہ کیا۔ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے 28 جولائی کو پارٹی کی 19 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے اپیل کی تھی کہ وہ پاکستان کے پی ٹی آئی لیڈر کی جانب سے بڑھائے گئے دوستی کے ہاتھ کو قبول کریں اور مذاکرات کیلئے تیار رہیں۔ عمران خان نے انتخابی نتائج کے بعد کہا تھا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں۔ جموں وکشمیر میں خونریزی ختم کرنے کیلئے عمران خان کی اس پیشکش کو فوری طور پر قبول کیا جانا چاہئے۔