مودی ۔ شریف کی نیویارک میں میٹنگ کے بارے میں پاکستان لاعلم

اسلام آباد ۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج کہا کہ اسے وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے پاکستانی ہم منصب نواز شریف کے درمیان نیویارک میں اس ماہ کے یو این جنرل اسمبلی سیشن کے دوران میٹنگ کیلئے کوئی بھی منصوبہ کا علم نہیں ہے۔ دفترخارجہ کے ترجمان تسنیم اسلم نے کہا کہ نیویارک میں مودی ۔ شریف ملاقات کے تعلق سے مجھے ابھی اس طرح کے کسی منصوبہ کا علم نہیں ہے۔ میڈیا رپورٹس نے قبل ازیں خیال ظاہر کیا تھا کہ دونوں وزرائے اعظم اس ایونٹ کے دوران ملاقات کرسکتے، جبکہ دونوں اقوام کے معتمدین خارجہ کے درمیان 25 اگست کو طئے شدہ بات چیت ہندوستان کی جانب سے منسوخ کردی گئی تھی۔ پاکستانی ہائی کمشنر برائے ہند عبدالباسط نے علحدگی پسند کشمیری قائدین کے ساتھ ’’مشاورتی‘‘ ملاقاتیں کئے تو خارجہ سکریٹری سطح کی میٹنگ منسوخ کردی گئی تھی۔

وزیراعظم مودی توقع ہے 26 ستمبر تک نیویارک پہنچیں گے اور اگلے روز اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کو مخاطب کریں گے۔ دریں اثناء دفترخارجہ ترجمان نے کہا کہ معتمد خارجہ سطح کی بات چیت کیلئے نئے تواریخ زیرغور نہیں ہے۔ تسنیم نے میڈیا کو معمول کی بریفنگ میں بتایا کہ کوئی بھی نئی تواریخ زیرغور نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’میں اس بارے میں کوئی قیاس آرائی پسند نہیں کروں گی کہ پاکستان ۔ ہندوستان مذاکرات کا عمل کس طرح آگے بڑھے گا۔ ہم نے خارجہ سکریٹری سطح کی بات چیت کی ناقابل قبول بنیادوں پر منسوخی کے بارے میں ہمارے موقف کو نہایت واضح انداز میں پیش کردیا ہے۔ اس سوال پر کہ القاعدہ نے ہندوستانی برصغیر کیلئے نئی تنظیم شروع کی ہے، تسنیم نے کہا کہ، ’’مجھے کوئی تبصرہ کرنا نہیں ہے کیونکہ مجھے اس مخصوص میڈیا رپورٹس کے تعلق سے کوئی اطلاع نہیں ہے‘‘۔