ممبئی 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )مرکزی وزیر تجارت آنند شرما نے آج کہا کہ بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی سے امریکی سفیر برائے ہند نینسی پاویل کی مجوزہ ملاقات کے سلسلہ میں حکومت کو کوئی پریشانی نہیں ہے ۔ امریکی سفیر کی مودی سے ملاقات سے نریندری مودی کے 9 سالہ امریکی بائیکاٹ کے خاتمہ کا اشارہ ملتا ہے ۔ آنند شرما نے ایک تقریب کے موقع پر علحدہ طور پر منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ سفیروں کو کسی سے بھی ملاقات کا حق ہے ۔ ہماری ایک کھلی جمہوریت ہے۔ ہمیں ایسی ملاقات سے کوئی پریشانی نہیں ہے ۔ مرکزی وزیر نے پُر مزاح انداز میں امید ظاہر کی کہ اس تبدیلی سے چیف منسٹر گجرات کو امریکہ کے کم از کم ’’ایک روزہ ‘‘دورہ کا ویزا مل جائے گا ۔
امریکہ نے 2005 میں اپنے ملکی قانون برائے مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزیاں کے تحت 2005 ء میں مودی کا ویزا منسوخ کردیا تھا۔مودی کو امریکہ میں ایک سمینار سے خطاب کی دعوت دی گئی تھی لیکن ویزا دینے سے انکار پر انہیں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سمینار سے خطاب کرنا پڑا تھا۔ امریکہ نے تاہم اس بات کا اعلان نہیں کیا تھا کہ آئندہ بھی مودی کے ویزا پر امتناع برقرار رہے گا۔