مودی کے عوامی استقبال کے شرکاء کا لاٹری سے انتخاب

واشنگٹن ۔ 03 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک لاٹری سسٹم اُن شرکاء کو طئے کرے گا جنھیں وزیراعظم نریندر مودی کے 28 ستمبر کو نیویارک سٹی کے باوقار میڈیسن اسکوائر گارڈن میں منعقد شدنی عوامی استقبالیہ میں شرکت کا موقع ملے گا ، اس ایونٹ کے آرگنائزرس نے یہ بات کہی ہے۔ انڈین ۔ امریکن کمیونٹی فاؤنڈیشن جس کی حال ہی میں اسی مقصد سے تشکیل ہوئی ، اُسے دوشنبہ کی نصف شب تک ملک بھر کے علاوہ الاسکا اور ہوائی کے دوردراز حصوں سے بھی لگ بھگ 20 ہزار لوگوں کی درخواستیں وصول ہوئیں ۔ دوشنبہ 407 ہندوستانی ۔ امریکی کمیونٹی تنظیموں کے ارکان کیلئے آن لائن درخواستوں کے سلسلے میں قطعی مہلت تھی ، نیز اس میں مذہبی اداروں کو بھی شامل کرلیا گیا ، جنھوں نے مودی کے عوامی استقبالیہ کی مشترکہ میزبانی کی ذمہ داری لے لی ہے ۔ میڈیسن اسکوائر گارڈن میں زیادہ سے زیادہ 20 ہزار افراد کیلئے گنجائش موجود ہے ۔ 7 ستمبر عام داخلے کیلئے آن لائن درخواست کا آخری دن ہے ، جس کے دوران منتظمین کو اس ایونٹ کیلئے کئی ہزار رجسٹریشن کی توقع ہے ۔