تھمپو20 جون (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم ہندوستان نریندر مودی کے تازہ ترین دورہ بھوٹان کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم بھوٹان شیرنگ ٹابگے نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور مفاہمت کے روایتی بندھنوں کو مزید استحکام حاصل ہوا ہے اور ان کی تجدید ہوئی ہے ۔ اس دورہ نے دونوں ممالک کو باہمی ،علاقائی اور بین الاقوامی تعلقات اور تازہ ترین تبدیلیوں کا جامع جائزہ لینے کا موقع فراہم کیا۔ وہ کل پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی شاہ بھوٹان سے ملاقات نے بھوٹان اور ہندوستان کے درمیان روایتی تعلقات کی تجدید کی ہے ۔ نریندر مودی کا وزیر اعظم بننے کے بعد اولین بیرون ملک دورہ 15 تا 16 جون بھوٹان کا تھا جس میں باہمی تعاون کو مزید ترقی دینے اور اسے مزید موثر بنانے پر زور دیا گیا ۔
دھولیہ میں فساد، 25 گرفتار
ممبئی /20 جون (سیاست ڈاٹ کام) پونے میں مسلم سافٹ ویر انجینئر کے قتل کے چند دن بعد فیس بک پر توہین آمیز تصویر پوسٹ کرنے کے بعد دھولیہ میں بھی فساد بھڑک اٹھا۔ یہ توہین آمیز تصویر پہلے فیس بک پر اُبھری اور بعد ازاں اسے واٹس اپ پر گشت کروایا گیا، جس سے دیوپور علاقہ میں تشدد بھڑک اٹھا، جس میں چار پولیس ملازمین زخمی ہوئے۔ پولیس نے تشدد میں ملوث 25 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ہجوم نے بسوں پر سنگباری کی۔ پولیس نے کہا کہ صورت حال اب بہتر ہے۔ واضح رہے کہ 2 جون کو 28 سالہ سافٹ ویر انجینئر محسن شیخ کو قتل کیا گیا تھا۔