مودی کے دورۂ امریکہ کیلئے تواریخ طئے نہیں ہوئیں

واشنگٹن 7 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ہندوستان نریندر مودی کے دورہ امریکہ کیلئے ابھی تواریخ کا تعین نہیں کیا گیا ہے ۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے نائب ترجمان میری ہارف نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے امریکہ کے دورہ کے تعلق سے ابھی تواریخ کا تعین نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ صدر امریکہ بارک اوباما اور سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری دونوں نے کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم کا واشنگٹن میں استقبال کرنے تیار ہیں۔ ابھی تک تاہم کسی طرح کی تواریخ کا تعین نہیں کیا گیا ہے ۔ وہ جانتے ہیں کہ تواریخ کے تعلق سے کئی اطلاعات گشت کر رہی ہیں لیکن

ابھی تک ان کا قطعیت نہیں دی گئی ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے صدر امریکہ بارک اوباما کے ماہ ستمبر کے اواخر میں دورہ امریکہ کی دعوت کو قبول کرلیا ہے اور اس کی تواریخ کا تعین کیا جانا باقی ہے ۔ جاریہ ہفتے کے اوائل میں سرکاری عہدیداروں نے دہلی میں یہ بات بتائی تھی ۔ اس ملاقات کی دعوت لوک سبھا انتخابات میں کامیابی کے بعد نریندر مودی کو بارک اوباما کے مبارکبادی کے پیام کے بعد موصول ہوئی تھی ۔ نئی دہلی میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے کل کہا تھا کہ بارک اوباما ایسے پہلے بیرونی قائدین میں شامل ہیں جنہوں نے نریندر مودی کو مبارکبادی کا فون کال کیا تھا اور اسی بات چیت کے دوران وزیر اعظم کو دورہ امریکہ کی دعوت دی گئی تھی ۔ ترجمان نے کہا کہ ہمیں اس دورہ کیلئے امریکہ سے ایک تاریخ کی تجویز موصول ہوئی ہے ۔ اب ہم امریکہ میں عہدیداروں کے ساتھ بات چیت میں تیار ہیں تاکہ وزیر اعظم کے دورہ واشنگٹن کے تعلق سے کسی باہمی قابل قبول تاریخ کا تعین کیا جاسکے تاکہ دونوں قائدین کے مابین بات چیت ہوسکے ۔