مودی کے خطرناک ارادے ، اعظم خاں کا الزام

رامپور۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اُترپردیش کے وزیر مسٹر اعظم خان نے وزیراعظم نریندر مودی کو آج تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ وہ انتہائی خطرناک ارادے رکھتے ہیں، تاہم اعظم خاں نے مودی کیخلاف الزامات کی وضاحت کے بغیر کہا کہ ’’مختلف طبقات کے مابین خوشگوار تعلقات برقرار رکھنے پر زیادہ سے زیادہ توانائی صرف کرتے ہوئے ہمہ وقت چوکس رہنا لازمی ہے‘‘۔ اعظم خاں نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ حکومت یوپی کو بیدخل کرنے اور سارے ملک میں فرقہ وارانہ گڑبڑ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں، لیکن امن درہم برہم کرنے ان کے منصوبوں کو نیک ارادے رکھنے والے عوام ناکام بنارہے ہیں‘‘ انہوں نے کہا کہ سماج میں پرامن بقاء کو زہر آلود کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں جو انتہائی خطرناک ہے اور اس کے خلاف سخت چوکسی کی ضرورت ہے‘‘۔