مودی کے جلسوں میں سیٹیں خالی ،کانگریس پر مذہب و ذات کی بنیاد پر تقسیم کا الزام

’ گجرات میں بھائیوں کے درمیان دیوار کھڑی کی جارہی ہے ‘ مودی کا خطاب
بھروچ ۔ /3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسمبلی انتخابات کا سامنا کرنے والی ریاست گجرات میں وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس کے خلاف اپنے تنقیدی حملوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ اپوزیشن جماعت مذہب اور ذات پات کے نام پر سماج میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے ۔ وزیراعظم مودی نے اپنی پیدائشی ریاست میں بی جے پی مہم میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس کی سخت مذمت کی اور کہا کہ وہ ( کانگریس) بھائیوں کے درمیان دیوار کھڑا کرنا چاہتی ہے ۔ مودی نے کہا کہ ’’گجرات کے عوام جانتے ہیں کہ کانگریس کیا کرنا چاہتی ہے ۔ وہ وقفہ وقفہ سے اپنے رنگ بدلتی رہی ہے ۔ بھائیوں کے درمیان دیواریں کھڑا کررہی ہے ‘‘ ۔ ضلع بھروچ میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ’’وہ پارٹی (کانگریس) ایک ذات کو دوسری ذات سے اور ایک مذہب کو دوسرے مذہب سے لڑارہی ہے ‘‘ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ وہ (کانگریس) آپ کو ایکد وسرے سے لڑائی میں مصروف رکھیں گے ۔ آپ لڑتے ہوئے مرجائیں گے ۔ ملائی (بالائی) کھائے گی ‘‘ ۔ گجرات میں /9 ڈسمبر کو پہلے مرحلہ کی رائے دہی ہوگی ۔جس میں بھروچ بھی شامل ہے ۔دریں اثناء رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جلسہ گاہ میں سیٹیں خالی دکھائی دے رہی ہیں ۔ مودی کے جلسوں میں عوام کی تعداد کم ہے ۔