مودی کے جائزہ لینے کے بعد گورنروں کی تبدیلی متوقع

حیدرآباد۔/21مئی، ( سیاست نیوز) مرکز میں مسٹر نریندر مودی کی زیر قیادت برسر اقتدار آنے والی بی جے پی حکومت مسٹر مودی کی بحیثیت وزیر اعظم حلف برداری کے بعد ریاستی گورنروں کی تبدیلی کے سلسلہ میں پالیسی فیصلہ کرے گی۔ دہلی کے باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ دن بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کے منعقدہ اہم اجلاس میں متعدد قائدین بشمول صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے بھی فوری طور پر ریاستی گورنروں کی تبدیلی کیلئے اقدامات کرنے کی نامزد وزیر اعظم نریندر مودی سے خواہش کی۔

ذرائع نے بتایا کہ مسٹر نریندر مودی نے صدر تلگودیشم پارٹی و نامزد چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی خواہش پر اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور انہیں ( چندرا بابو نائیڈو ) بتایاکہ وہ ( نریندر مودی) بحیثیت وزیر اعظم حلف لینے کے بعد اس موضوع پر تفصیلی غور کرتے ہوئے واضح طور پر پالیسی فیصلہ کریں گے۔ مسٹر نریندر مودی کے اس اظہار کی روشنی میں توقع کی جاسکتی ہے کہ ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کی بھی تبدیلی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ریاست کے بی جے پی قائدین اور تلگودیشم پارٹی قائدین بھی ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کی تائید میں نہیں ہیں جس کے باعث اس بات کی قوی توقع کی جاسکتی ہے کہ ریاستی گورنر کی بھی کسی بھی وقت تبدیلی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ مسٹر نرسمہن نے انتخابات سے قبل تک بھی متعدد مرتبہ جانبداری برتنے اور اپوزیشن جماعتوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اقدامات کئے تھے جس کی وجہ سے بی جے پی و تلگودیشم پارٹی قائدین نے گورنر کے اس طرزعمل پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے جبکہ گزشتہ دو دن قبل ریاستی گورنر سے ملاقات کرنے کے دوران ان قائدین نے موجودہ ریاستی گورنر کو ہی برقرار رہنے کا مشورہ دیا جائے گا۔