مودی کے اعزاز میں ظہرانہ ،کیری نے دورۂ کابل منسوخ کردیا

نیویارک۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نئے افغان صدر اشرف غنی کی 29 ستمبر کو منعقد شدنی افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے کیونکہ وہ اور نائب صدر جوبیڈن نے وزیراعظم نریندر مودی کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کیا ہے۔ جان کیری نے صدارتی انتخابات کے بعد افغان بحران کو حل کرنے میں غیرمعمولی دلچسپی دکھائی اور انہوں نے کابل کے متعدد دورے کرتے ہوئے دو امیدواروں عبدالغنی اور عبداللہ عبداللہ سے مذاکرات کئے تھے۔ یہ مسئلہ حل ہونے کے بعد جان کیری نے نئے صدر کی تقریب حلف برداری میں شخصی طور پر شرکت کا فیصلہ کیا تھا تاہم اوباما انتظامیہ نے مودی حکومت کو جو اہمیت دی ہے اور ہندوستان کے ساتھ بہتر روابط کے لئے جس دلچسپی کا اظہار کیا جارہا ہے، اسے دیکھتے ہوئے جان کیری نے اپنا شیڈول تبدیل کردیا۔ انہوں نے 29 ستمبر کو کابل کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نریندر مودی اس وقت نیویارک میں ہیں جہاں کل انہوں نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔ وہ 29 ستمبر کو واشنگٹن ڈی سی کا دورہ کریں گے۔