سی پی آئی کھمم لوک سبھا امیدوار کی انتخابی مہم سے ایس سدھاکر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 27 اپریل (سیاست نیوز) قومی جنرل سکریٹری سی پی آئی مسٹر ایس سدھاکر ریڈی نے ملک میں این ڈی اے کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار مسٹر نریندر مودی کی لہر پائی جانے کی بڑے پیمانے پر کی جانے والی تشہیر کو مسترد کردیا اور کہاکہ ملک میں ہرگز ایسی کوئی مودی لہر نہیں ہے۔ بلکہ مودی کی لہر سے متعلق کی جانے والی تشہیر ’’میڈیا مینجمنٹ کی اختراع‘‘ کے سوا اور کچھ نہیں ہے اور صرف چند ٹی وی چیانلس اور بعض اخبارات کے ذریعہ ہی مودی کی لہر پائی جانے کے تعلق سے بڑے پیمانے پر تشہیر کی جارہی ہے جوکہ حقیقت میں ’’میڈیا مینجمنٹ‘‘ کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔ قومی جنرل سکریٹری سی پی آئی نے ضلع کھمم
میں ریاستی سکریٹری سی پی آئی و امیدوار حلقہ لوک سبھا کھمم کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ این ڈی اے بالخصوص بی جے پی نے میڈیا مینجمنٹ کے ذریعہ بڑے پیمانے پر مودی کی لہر پائی جانے کے تعلق سے تشہیر کرتے ہوئے ملک کے عوام کو نہ صرف گمراہ کررہے ہیں بلکہ انھیں دھوکہ دیا جارہا ہے۔ مسٹر ایس سدھاکر ریڈی نے مزید کہاکہ کیرالا، ٹاملناڈو، اڑیسہ، پانڈیچری، آندھراپردیش اور دیگر کئی ایسی ریاستیں ہیں جہاں پر بی جے پی بالخصوص نریندر مودی کی لہر ہی نہیں ہے۔ تاہم ایسی بعض ریاستیں ہیں جہاں بی جے پی برسر اقتدار ہے۔ ان ریاستوں میں بھی بی جے پی کا موقف کافی کمزور ہوچکا ہے۔