واشنگٹن ۔6 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے ایک اعلیٰ سفارتکار کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی گزشتہ ایک سال کے دوران اپنی سرگرم سفارتی کوشوں کے ذریعہ یہ پیغام دے رہے ہیںکہ آنے والے برسوں میں ہندوستان ، عالمی سطح پر کلیدی رول ادا کریگا ۔امریکی سفیر برائے ہند رچرڈ راہول ورما نے کہا کہ ’’ہندوستان خارجہ پالیسی پر پیشرفت کررہا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ ایک سال کے دوران نہ صرف امریکہ تک رسائی حاصل کی بلکہ انھوں نے 18 ممالک اور 33شہروں کا دورہ کیا ہے‘‘۔ امریکہ کے ایک سرکردہ مفکر ادارہ ’’مرکز برائے حکمت عملی و بین الاقوامی مطالعات ‘‘ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رچرڈ ورما نے مزید کہاکہ ’’وہ (مودی) اس بات کا اشارہ دے رہے ہیں کہ آنے والے چند برسوں میں ہندوستان ، عالمی سطح پر کلیدی رول ادا کریگا اور ہم اس بات کا خیرمقدم کرتے ہیں اور سیاسی ، معاشی اور عالمی اداروں میں ہندوستان کے عالمی قائدانہ رول کی مدد کرتا ہے ‘‘ ۔ انھوں نے کہا کہ علاقائی سطح پر مودی نے بھوٹان ، نیپال اور سری لنکا کا دورہ کرتے ہوئے ان ممالک کے قائدین سے ملاقات کی ۔ انھوں نے بنگلہ دیش کے ساتھ تاریخی زمینی سرحدی سمجھوتہ کو کامیاب قطیعت دی ۔ انھوں نے ماریشیس اور سیچلس کا دورہ بھی کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان ، بحرہند میں بھی سرگرم رول ادا کرنا چاہتا ہے ۔ رچرڈ راہول ورما نے کہاکہ ’’ہم اس بات پر خوش ، ممنون و مشکور ہیں کہ ہندوستان نے نیپال میں حالیہ زلزلہ کے متاثرین کی بھرپور مدد کی نینز مالدیپ میں پانی کے بحران کے دوران اس ملک کو تازہ پانی سربراہ کیا‘‘ ۔ امریکی سفیر نے کہا کہ ہندوستان نے علاقائی حدود سے آگے بڑھ کر قائدانہ رول ادا کیا ۔ یمن سے ہندوستان کے علاوہ دنیا بھر کے دیگر ممالک کے شہریوں کا زمین اور سمندری راستوں کے ذریعہ انخلاء کیا گیا ۔ ان میں پاکستانی اور امریکی شہری بھی شامل تھے ۔