مودی کی بحیثیت وزیراعظم پیر کو حلف برداری

نئی دہلی 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی اور این ڈی اے کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے والے رہنما نریندر مودی کو آج وزیراعظم نامزد کردیا گیا ۔صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کے بعد باہر نکلتے ہوئے نریندر مودی نے وہاں موجود میڈیا کے نمائندوں سے کہاکہ ’’میں صدرجمہوریہ سے ملاقات کے لئے پہونچا تھا۔ صدرجمہوریہ نے مجھے (بحیثیت وزیراعظم تقرر کا) ایک رسمی مکتوب حوالہ کردیا اور 26 مئی کو حلف برداری کی دعوت دی ہے جس کا ہم نے پہلے فیصلہ کیا تھا‘‘۔

مودی نے بی جے پی پارلیمانی پارٹی کا لیڈر اور بعدازاں بی جے پی اور اس کی حلیفوں کے محاذ این ڈی اے کا متفقہ لیڈر منتخب کئے جانے کے بعد صدرجمہوریہ سے ملاقات کی تھی۔ بعدازاں راشٹراپتی بھون سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ مودی کو چونکہ بی جے پی پارلیمانی بورڈ کا لیڈر منتخب کرلیا گیا ہے اور بی جے پی کو عوامی نمائندگان کے ایوان (لوک سبھا) میں اکثریت حاصل ہے چنانچہ صدر ہند نے اُنھیں (مودی کو) ہندوستان کا وزیراعظم مقرر کیا ہے اور ان سے خواہش کی کہ اپنی مجلس وزراء کے ارکان کے ناموں کی فہرست پیش کریں۔ صدرجمہوریہ کے ترجمان وینو راجہ مونی نے کہاکہ ’’صدر ہند 26 مئی کو 6 بجے شام راشٹرپتی بھون میں (مودی کو) عہدہ اور رازداری کا حلف دلائیں گے‘‘۔ نریندر مودی نے راشٹرپتی بھون کے باہر میڈیا سے مختصر بات چیت کے دوران جلیل القدر عہدہ پر اپنے تقرر سے متعلق صدر جمہوریہ کا مکتوب دکھایا۔ قبل ازیں صدر پرنب مکرجی نے مودی کو شاندار انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی۔

صدرجمہوریہ سے مودی کی ملاقات سے قبل راج ناتھ سنگھ اور ایل کے اڈوانی کی قیادت میں این ڈی اے قائدین کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے مودی کے بحیثیت لیڈر انتخاب کے فیصلہ سے واقف کروایا۔ بعدازاں راجناتھ سنگھ نے راشٹرپتی بھون کے باب الداخلہ پر میڈیا کے نمائندوں سے کہاکہ ’’ہم نے نریندر مودی کو بحیثیت وزیراعظم حلف برداری کیلئے مدعو کرنے کی درخواست کی ہے‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی کے پاس این ڈی اے میں شامل 10 حلیفوں کے تائیدی مکتوب ہیں جس کے ساتھ ہی ہمارے ارکان کی تعداد 335 ہوتی ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ حلف برداری تقریب میں 3000 مہمانوں کو مدعو کیا جائے گا۔