مودی کی آر ایس ایس سربراہ سے ملاقات، کانگریس کو ہزیمت ہونے کا دعویٰ

نئی دہلی ، 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی نے اپنی طویل انتخابی مہم اختتام پذیر ہونے کے فوری بعد آج رات آر ایس ایس سربراہ موہن بھگوت کے ساتھ یہاں میٹنگ منعقد کرتے ہوئے مہم کا جائزہ لیا اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غوروخوض کیا۔ مودی جو اتر پردیش میں مہم چلا رہے تھے، نو مرحلے کے چناؤ کی مہم ختم ہونے کے بعد دہلی پہنچے اور سیدھے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی سے ملاقات کیلئے گئے۔ چیف منسٹر گجرات نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’اختتامی الیکشن ریلی سے خطاب کے بعد اٹل جی کا آشیرواد لینے پہنچا۔ ان سے تب بھی ملا تھا جب مہم شروع ہوئی تھی۔ ان سے ملاقات ہمیشہ ہی خاص ہوتی ہے‘‘۔ اس کے بعد انھوں نے صدر پارٹی راجناتھ سنگھ سے اُن کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔

راجناتھ سے ملنے کے بعد مودی یہاں جندیوالن میں واقع دفتر آر ایس ایس گئے تاکہ سنگھ کے سربراہ اور دیگر سینئر قائدین بشمول سریش سونی سے ملاقات کی جائے۔ ذرائع نے کہا کہ آر ایس ایس قیادت سے ملاقات مہم کا جائزہ لینے اور مستقبل کے اقدامات ترتیب دینے کیلئے کی گئی۔ پولنگ کا آخری مرحلہ دوشنبہ کو وارانسی کے بشمول منعقد ہوگا ، جہاں مودی چناؤ لڑ رہے ہیں۔

دریں اثناء مودی نے وزارت عظمیٰ کیلئے اپنی آٹھ ماہ طویل مہم کا اختتام کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ صرف این ڈی اے ہی ایسا اتحاد ہے جو ہندوستان میں تبدیلی لا سکتا ہے جہاں عوام جھوٹے وعدوں، کرپشن اور سیاسی جاگیرداری سے ’’عاجز‘‘ آچکے ہیں۔ اپنے بلاگ میں تحریر کرتے ہوئے مودی نے تاریخ کا سہارا لیا اور کہا کہ ہندوستان کی سرزمین میں کچھ تو خاص چیز ہے جو اسے عالمی قائد بناتی ہے اور عوام سے اپیل کی کہ مضبوط، ترقی یافتہ اور تمام طبقات کی بہبود کیلئے وقف ہندوستان کی تعمیر میں مدد کریں جو پھر ایک بار دنیا کی رہنمائی کرے گا۔

قبل ازیں مشرقی یو پی میں مودی نے اختتامی جلسوں سے خطاب میں دعویٰ کیا کہ کانگریس بعض ریاستوں میں اپنا کھاتہ تک نہیں کھول پائے گی اور اس کے کئی قائدین ہار جائیں گے۔ خوشی نگر کے بعد بلیا کی ریلی میں اپنی مہم ختم کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے 3D ویڈیو لنکس کے ذریعہ عوام تک راست رسائی کا ریکارڈ قائم کیا ہے جسے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل کیا جانا چاہئے۔ انھوں نے کانگریس کو ملک کے مسائل کیلئے موردالزام ٹھہرایا اور اسے بدترین ہزیمت ہونے کا دعویٰ کیا۔