نئی دہلی 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی قائد منیش سیسوڈیہ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی سے وضاحت طلب کی کہ ان میں اتنی جراء ت کیوں نہیں ہے کہ وہ عام انتخابات میں صرف ایک نشست پر مقابلہ کریںاور دو نشستوں پر نظر نہ رکھیں۔ عام آدمی پارٹی قائد منیش سیسوڈیہ نے کہا کہ سب سے پہلے تو نریندر مودی یہ معلوم ہونے کے بعد خوفزدہ ہوگئے ہیں کہ وارناسی محفوظ نشست نہیں ہے کیونکہ اس بات کے اشارے مل رہے ہیں کہ عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال یہاں سے انتخابی مقابلہ کریں گے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مودی کو جمہوریت میں یقین نہیں ہے ان میں مقابلہ کا سامنا کرنے کیلئے درکار کافی حوصلہ نہیں ہے۔ ان کے خلاف کوئی بھی مقابلہ کریں اس سے کوئی فرق نہیں پڑنا چاہئے ۔اس سے معلوم ہوتا ہے کہ مودی صرف آئندہ وزیر اعظم بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔ سیسوڈیہ نے کہا کہ ہفتہ کے دن بی جے پی نے سینئر پارٹی قائدین بشمول وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کیلئے انتخابی حلقوں کا تعین کیا۔ پارٹی نے مودی کو وارناسی سے امیدوار بنایا جس کی نمائندگی قبل ازیں سینئر قائد مرلی منوہر جوشی کرتے تھے۔اتوار کے دن کجریوال نے بنگلور کے جلسہ عام میں کہا کہ اگر عوام کی خواہش ہو تو وہ وارناسی سے مودی کے خلاف مقابلہ کریں گے۔