مودی کو دھمکی پر عمران مسعود گرفتار ‘ 14 دن کی عدالتی تحویل

کانگریس امیدوار کی گرفتاری کے باوجود سہارنپور میں ریالی ’راہول کا خطاب‘ ریمارکس کی مذمت
سہارنپور ۔ /29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں سہارنپور حلقہ لوک سبھا سے کانگریس کے امیدوار عمران مسعود کو ان کی نفرت انگیز تقریر پر آج گرفتار کرلیا ۔ انہوں نے گزشتہ روز نریندر مودی کے ٹکڑے کردینے کی مبینہ دھمکی دی تھی ۔ عمران مسعود کے ریمارکس پر زبردست تنازعہ پیدا ہوگیا تھا ۔ بی جے پی نے شدید برہمی کے ساتھ ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان ریمارکس کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی ۔ 40 سالہ عمران مسعود کو پولیس نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرتے ہوئے دیوبند کی جوڈیشیل مجسٹریٹ ارچنا رانی کے اجلاس پر پیش کیا گیا جنہوں نے ان کی درخواست ضمانت مسترد کردی جس کے بعد 14 دن کے لئے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ۔

عمران مسعود جنہوں نے کل ہی اپنے ریمارکس پر افسوس و معذرت کا اظہار کیا تھا ۔ کہا کہ ’’ یہ سب کچھ بی جے پی کی سازش ہے ۔ مجھے کوئی افسوس نہیں ہے کیونکہ میں نے کوئی غلطی نہیں کی ہے ۔ میں نریندر مودی یا بی جے پی سے معذرت خواہی نہیں کروں گا ‘‘ ۔امیدوار کی گرفتاری کے باوجود مقررہ ریالی میں کانگریس کے نائب صدرراہول گاندھی نے شرکت کی اور خطاب کے دوران ریمارکس کی مذمت کی ۔ شہ نشین پر راہول کے ساتھ عمران مسعود کی بیوی اور سینئر کانگریس قائدین موجود تھے ۔