مودی کا ملک بھر میں 50 ریالیوں سے خطاب !

نئی دہلی 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات 2019 ء کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی آئندہ سال فروری تک ملک بھر میں 50 ریالیوں سے خطاب کرتے ہوئے زائداز 100 لوک سبھا حلقوں کا احاطہ کریں گے۔ ذرائع نے یہ بات کہی۔ ایک ذریعہ نے بتایا کہ بی جے پی سربراہ امیت شاہ اور سینئر قائدین راجناتھ سنگھ اور نتن گڈکری بھی فی کس 50 ریالیوں کو مخاطب کریں گے۔ ذریعہ نے بتایا کہ وزیراعظم ملک کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے زائداز 100 لوک سبھا حلقوں کا آئندہ سال فروری تک احاطہ کرتے ہوئے کم از کم 50 ریالیوں سے خطاب کریں گے۔ یہ تمام ریالیاں پارٹی کی چناؤ مہم کے لئے ماحول تیار کرنے کے مقصد سے منظم کی جارہی ہیں۔ ہر ریالی کو اس طرح ترتیب دیا جارہا ہے کہ وہ دو تا تین لوک سبھا حلقوں کا احاطہ کرے۔ لوک سبھا انتخابات کی انتخابی تواریخ کا اعلان ہونے سے قبل بی جے پی کم از کم 400 لوک سبھا حلقوں کا احاطہ کرچکی ہوگی جہاں وہ 200 ریالیوں کو منظم کریں گے۔ اِن 50 ریالیوں کے علاوہ مودی مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں بھی ریالیوں سے خطاب کریں گے جہاں ریاستی اسمبلی کے انتخابات رواں سال کے اواخر مقرر ہیں۔ چہارشنبہ کو پنجاب کے مالوت علاقہ میں منعقدہ ریالی اِن منصوبہ بند ریالیوں میں سے پہلی ہوئی۔ اِسی طرح کے مزید ریالیوں میں کسانوں کی شرکت کو یقینی بناتے ہوئے اترپردیش کے شاہجہاں پور میں اِسی ماہ ایک پروگرام رکھا گیا ہے۔