مودی پر شاستری کو نظرانداز کرنے کا اپوزیشن کا الزام کانگریس، عام آدمی پارٹی اور ہاردک پٹیل کی تنقید

نئی دہلی ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن پارٹیوں نے آج وزیراعظم نریندر مودی کو سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کی سمادھی وجئے گھاٹ پر ان کے یوم پیدائش کے موقع پر جانے سے گریز پر کانگریس نے اسے بدبختانہ قرار دیا اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے کہا کہ شاستری کو نظرانداز کرنا مودی کیلئے مناسب نہیں تھا۔ صدرجمہوریہ، نائب صدر، کئی پارٹیوں کے قائدین بشمول صدر کانگریس سونیا گاندھی نے سابق وزیراعظم شاستری کی سمادھی پر وجئے گھاٹ پہنچ کر پھول چڑھاتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ مودی نے اپنے ٹوئیٹر کا سہارا لیا اور لال بہادر شاستری کو سلام پیش کیا۔ تاہم ان کی سمادھی پر جانے سے گریز کیا۔ کانگریس کے ترجمان اجئے ماکن نے کہا کہ شاستری کی سمادھی پر مودی کا جانے سے گریز بدبختانہ ہے حالانکہ انہوں نے آج مہاتما گاندھی کی سمادھی راج گھاٹ پر پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا تھا اور وجئے گھاٹ راج گھاٹ کے قریب ہی ہے۔ ہاردک پٹیل نے جو تحفظات احتجاج کی قیادت کررہے ہیں، مودی پر شاستری کی توہین کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وجئے گھاٹ پر عدم حاضری کو حکومت کے فیصلہ سے مربوط کیا جائے گا۔ انہوں نے گذشتہ سال سابق وزرائے اعظم کی سالگرہ تقاریب کے انعقاد سے گریز کیا تھا اور اس کے بجائے ان کے ارکان خاندان کو سالگرہ تقاریب منانے کیلئے کہا تھا۔