مودی پر دباؤ میں اضافہ:نیویارک ٹائمس

نیویارک ۔11 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی برسراقتدار بی جے پی کی دہلی اسمبلی انتخابات میںکراری شکست نے وزیراعظم نریندر مودی پر ’’غیرمعمولی دباؤ‘‘ بڑھ جائے گا کہ اپنے معاشی اور حکمرانی سے متعلق وعدوں کو پورا کریں ، نیویارک ٹائمز کے ایڈیٹوریل بورڈ نے کہاکہ مودی کیلئے انتخابی شکست امریکی صدر بارک اوباما کے ہندوستان کو کامیاب دورہ کے چند یوم بعد سامنے آئی ہے ۔واشنگٹن سے موصولہ اطلاع کے بموجب کجریوال کی دہلی میں شاندار کامیابی پر امریکہ نے تبصرہ سے گریز کیا۔ تاہم ادعاء کیا کہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات میں اضافہ ہورہا ہے۔لیلا فرنانڈیز پروفیسر مارکیٹنگ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی کامیابی نمایاں انتخابی واقعہ ہے کیونکہ کامیابی میں سبقت بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بنیادی سطح پر تحریک کی سرگرمی کا ثبوت نہیں ملتا بلکہ بی جے پی ۔ کانگریس اقتدار کے نظام کا متبادل سیکولر نظام جو طبقاتی خلیج سے ماورا ہو اور ترقی کو اہمیت دیتا ہو، قائم کرنے کی رائے دہندوں کی خواہش ظاہر ہوتی ہے۔ برائن من اسسٹنٹ پروفیسر نے کہا کہ مودی کیلئے امید کی ایک ہی کرن باقی ہے کہ وہ اب ترقی پر توجہ دیں۔