مودی وزیراعظم بننے کے بعد مسلمانوں کی خیر نہیں ، مایاوتی

نئی دہلی ۔21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی پر شدید تنقید کی اور کہاکہ وہ مودی کو وزیراعظم بننے سے روکنے کی ہر ممکنہ کوشش کریں گی۔ ملک کے آئندہ وزیراعظم کی حیثیت سے ہم ہرگز مودی کوموقع نہیں دیں گے۔ پارلیمنٹ کے باہر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ نریندر مودی اپنی تقریروں میں جو کچھ کہہ رہے ہیں اس میں ذرہ برابر بھی سچائی نہیں ہے۔ ان کی باتیں دروغ گوئی پر مبنی ہے۔ عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی اگر وزیراعظم بن جائیں تو ان کی زندگیاں محفوظ نہیں رہیں گی۔ مودی کو ووٹ دینے کا مطلب فرقہ پرست طاقتوں کو کی تائید کرنا ہے۔ ہم ان فرقہ پرستوں کو اقتدار تک پہنچنے سے روکنے کیلئے پوری طاقت جھونک دیں گے۔

گجرات میں مسلم کش فسادات کا حوالہ دیتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ نریندر مودی کے بارے میں مسلمان فکرمند ہیں۔ انہیں خوف ہیکہ اگر مودی وزیراعظم بن گئے تو ان کا حشر برا ہوگا لیکن ہم مسلمانوں کو تیقن دیتے ہیںکہ ان فرقہ پرستوں کو اقتدار تک آنے نہیں دیں گے۔ پندرہویں لوک سبھا کے آخری سیشن کے دن مایاوتی نے پارلیمنٹ ہاؤز کے باہر موجود اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں فرقہ پرستوں کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔ اترپردیش میں بی جے پی کی بڑھتی شہرت سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ صرف عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔

وزیراعظم کی اہلیہ نے لوک سبھا کارروائی کا مشاہدہ کیا
نئی دہلی ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پندرھویں لوک سبھا کے آخری سیشن کے دوران آج وزیراعظم منموہن سنگھ کی اہلیہ گرو شرن کور نے بھی ایوان کی کارروائی کا مشاہدہ کیا۔ 76سالہ کور دیگر دو مہمانوں کے ساتھ وقفہ صفر کے دوران ایوان میں پہنچیں اور اسپیکر کی گیلری میں تشریف آور ہوئیں۔ تاہم وزیراعظم اس وقت ایوان میں موجود نہیں تھے۔ دلچسپ بات یہ ہیکہ وہ ایوان میں اس دن پہنچی جبکہ کوئی گڑبڑ نہیں تھی۔