مودی نے نوجوان خاتون کے ساتھ سیلفی لینے سے انکار کردیا

نئی دہلی۔21جون (سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندرمودی جو لوگوں کے ساتھ موبائیل فون کے ذریعہ سیلفی ( از خود تصویر کشی) کیلئے مشہور ہیںلیکن انہوں نے راج پتھ پر منعقدہ بین الاقوامی یوم یوگا کے موقع پر ایک خاتون والینٹر کے ساتھ سیلفی لینے سے انکار کردیا ۔ راج پتھ پر عوام سے خطاب کے فوری بعد وزیراعظم مودی شہ نشین سے اتر گئے اور یوگا کے مختلف ’’ آسن ‘‘ کرنے کیلئے دیگر 35000 شرکاء میں شامل ہوگئے ۔ یوگا کرنے کیلئے جیسے ہی وہ پہلی صف میں شامل ہوئے والینٹر کا بیچ لگائی ہوئی ایک نوجوان خاتون ان کے قریب پہنچ گئی اور ان سے اپنے ساتھ ایک سیلفی لینے کی درخواست کی ۔ تاہم نریندر مودی نے دونوں ہاتھ جوڑ کر اس کی خواہش قبول کرنے سے شائستگی کے ساتھ انکار کردیا لیکن جیسے ہی انہوں ( مودی) نے آسنوں کا آغاز کیا وہی خاتون اپنی ساتھی کے ساتھ دوبارہ وزیراعظم کے قریبپہنچ گئی اور یوگ آسنوں کا آغاز کردیا جس کے فوری بعد سیکیورٹی عملہ نے ان دنووں خواتین کو روک لیا ۔ ایک اور شخص جو اپنے سر پر عربی طرز کا سفید کپڑا باندھے وزیراعظم کے قریب پہنچ رہا تھا سیکیورٹی عملہ نے اٹھا لیا ۔