مودی نے نفرت سے اور ہم نے محبت سے مہم چلائی : راہول

محبت کی سیاست کو کامیابی حاصل ہوگی ۔ مقابلہ سخت رہا ۔ کانگریس صدر نے دہلی میں ووٹ ڈالا
نئی دہلی 12 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس صدر راہول گاندھی نے آج لوک سبھا انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے انتخابات کے دوران نفرت کا استعمال کیا ہے جبکہ کانگریس نے محبت سے کام لیا ہے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ اس بار کے انتخابات میں دو حریف جماعتوں نے سخت مقابلہ ہوا ہے راہول گاندھی نے کہا کہ ان کے خیال میں محبت کی سیاست کو کامیابی حاصل ہوگی ۔ راہول گاندھی نے اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے نفرت کا استعمال کیا ہے ۔ کانگریس نے تاہم محبت سے کام لیا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ محبت کی سیاست کو کامیابی حاصل ہوگی ۔ راہول گاندھی اپنے روایتی کرتا ۔ پائجامہ میں ملبوس تھے ۔ ان کے ہمراہ نئی دہلی لوک سبھا حلقہ سے پارٹی امیدوار اجئے ماکین بھی تھے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ان انتخابات میں در اصل تین چار مسائل پر مقابلہ ہوا ہے اور یہ عوام کے مسائل ہیں کانگریس پارٹی کے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اہم مسئلہ بیروزگاری کا ہے ۔ اس کے بعد کسانوں کے مسائل ہیں اور پھر نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے مسائل ہیں جن کی وجہ سے ہندوستان کی طاقت اور اس کی معیشت کو تباہ کردیا گیا ہے ۔ دہلی کے سات لوک سبھا حلقوں میں آج رائے دہی ہورہی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی مدھیہ پردیش ‘ بہار ‘ یو پی اور مغربی بنگال کی بھی کچھ نشستوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ اس بار کے انتخابات میں اچھا مقابلہ ہوا ہے ۔ اس سوال پر کہ کانگریس پارٹی کو کتنی نشستوں پر کامیابی حاصل ہو رہی ہے راہول نے کہا کہ اس پر وہ کوئی تبصرہ نہیں کرینگے ۔ اس کا فیصلہ ملک کے عوام کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہی اصل مالک ہیں۔ جو کچھ بھی عوام کہیں گے وہ اسے قبول کرینگے ۔ ہم کتنی نشستوں پر کامیابی حاصل کرینگے اس کا فیصلہ عوام کرینگے ۔ دارالحکومت دہلی میں سہ رخی مقابلہ ہے جہاں بی جے پی ۔ کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے امیدوار میدان میں ہیں۔ 2014 میں ہوئے لوک سبھا انتخابات میں یہاں بی جے پی نے تمام سات نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی تھی ۔