خود فضائیہ کے جیٹ طیاروں کو شخصی ٹیکسی سمجھتے ہیں ، شہیدوں کی توہین انتہائی بزدلی : احمد پٹیل
نئی دہلی 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر سخت لب و لہجہ میں تنقید کرتے ہوئے اُن پر الزام عائد کیاکہ آنجہانی راجیو گاندھی نے آئی این ایس ویراٹ کو اپنی ذاتی ٹیکسی کے طور پر خاندانی تعطیلات کے دوران استعمال نہیں کیا تھا جیسا کہ وزیراعظم نے اپنی ایک انتخابی تقریر میں راجیو گاندھی پر الزام عائد کیا ہے۔ کانگریس نے کہاکہ وہ مسلسل جھوٹ بولتے ہیں۔ اُن میں مسائل کی بنیاد پر جیسے بیروزگاری اور نوٹوں کی تنسیخ پر انتخابات میں حصہ لینے کی ہمت نہیں ہے۔ اُنھوں نے خود فضائیہ کے لڑاکا جیٹ طیاروں کو اپنی شخصی ٹیکسی کے طور پر استعمال کیا تھا۔ کانگریس کے ترجمان پون کھیرا نے کہاکہ ہندوستانی فضائیہ کے ریٹائرڈ وائس ایڈمیرل ونود پسریچا نے وضاحت کی ہے کہ آنجہانی وزیراعظم راجیو گاندھی آئی این ایس ویراٹ میں اُس وقت سوار تھے جبکہ وہ ایک سرکاری دورے پر تھے، خانگی چھٹیوں پر نہیں۔ اُنھوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حقائق سے مودی کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ وہ خود اپنے کارناموں کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہہ سکتے اور گزشتہ چھ ماہ سے راہول گاندھی کو چیلنج کررہے تھے اور اب راجیو گاندھی پر جو قوم کی خاطر شہید ہوچکے ہیں، الزام عائد کررہے ہیں۔
مودی کے بارے میں کھیرا نے کہاکہ اُن کے لئے غالباً ایک ہی راستہ ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ آئندہ انتخابات تک سابق وزیراعظم آنجہانی نہرو کو مغل شہنشاہ ہمایوں سے یا اندرا گاندھی کی پوری انتخابی مہم کو ملکہ وکٹوریہ کی انتخابی مہم سے تشبیہ دیتے رہیں گے۔ اب ہم سن رہے ہیں کہ 30 سال قبل راجیو گاندھی جب آئی این ایس ویراٹ کے ذریعہ سفر کررہے تھے تو وہ خانگی تعطیلات پر نہیں بلکہ سرکاری دورے پر تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ مودی پہلے وزیراعظم ہیں جو اپنی ناکامیوں پر عوام سے ووٹ طلب کرتے ہیں، پلوامہ اِس کی مثال ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ محکمہ سراغ رسانی کی انتہائی ناکامی ہے۔ ہمارے فوجی اِس کی وجہ سے بدنام ہوئے ہیں۔ کانگریس قائد نے مودی سے اُن افراد کے نام دریافت کئے جو اُن کے ہمراہ غیر ملکی دوروں پر تھے۔ اُنھوں نے وزیراعظم پر الزام عائد کیاکہ وہ بوفورس مسئلہ اِس لئے اُٹھارہے ہیں کہ اُس وقت دہلی میں بی جے پی کی حکومت نہیں تھی حالانکہ دہلی ہائیکورٹ نے راجیو گاندھی کو اِس سلسلہ میں بے قصور قرار دیا تھا۔ دریں اثناء کانگریس کے سینئر قائد احمد پٹیل نے کہاکہ شہیدوں کی توہین کرنا انتہائی بزدلی کی علامت ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی بار بار راجیو گاندھی کو اپنی انتخابی تقریروں میں توہین کا نشانہ بنارہے ہیں۔ اُنھوں نے جوابی وار کرتے ہوئے مودی پر الزام عائد کیاکہ گاندھی خاندان نے کبھی بھی جنگی جہازوں کو اپنی شخصی ٹیکسی کے طور پر استعمال نہیں کیا۔