نئی دہلی ۔ یکم اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی کو مورد الزام ٹھہرایا کہ وہ ہندوستانیوں کو ذات پات اور برادریوں کے زمرے میں بانٹنے کی کوشش کے ذریعہ جمہوریت کی توہین کررہے ہیں۔ پارٹی کے ترجمان منیش تیواری نے کہاکہ یہ بدبختانہ بات ہے کہ مودی ہندوستانیوں کو اُن کی برادریوں کی شناخت کے ساتھ دیکھتے ہیں کیونکہ اُنھوں نے بیان دیا ہے کہ کانگریس اکثریتی برادری والے ووٹروں کا غلبہ رکھنے والے حلقوں سے اپنے قائدین کو انتخابی میدان میں اُتارنے سے خائف ہے ۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس 135 کروڑ شہریوں میں ہر ایک کو ہندوستانی سمجھتی ہے ۔ وزیراعظم عوام کو ذات پات اور کمیونٹی کی اصطلاحوں میں شمار کرتے ہوئے ہندوستانی جمہوریت کو نقصان پہنچارہے ہیں ۔ انھوں نے مودی پر اُن کے اس تبصرے کے لئے بھی تنقید کی کہ کانگریس نے ’’ہندو دہشت گردی ‘‘ کا فقرہ پیدا کیا ۔ منیش تیواری نے اسے جھوٹ اور لغو بات قرار دیا۔