کسانوں کی خودکشی، نوجوان بیروزگار، پٹرول کی قیمت میں اضافہ ، عام آدمی متاثر :نارائنا سوامی
پڈوچیری۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پڈوچیری کے چیف منسٹر وی نارائنا سوامی نے آج کہا کہ مرکز میں بی جے پی زیرقیادت حکومت جو چار سال مکمل کرچکی ہے، اپنی غلط پالیسیوں کے ذریعہ عوام کو بدترین تکالیف اور سنگین دشواریوں میں مبتلا کی ہے۔ نارائنا سوامی نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے این ڈی اے حکومت ، ملک کے عوام کو دیئے گئے تیقنات اور اپنے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک بھر میں کسانوں کی خودکشیوں کے واقعات میں ہولناک اضافہ ہوا ہے۔ نوجوان ہنوز روزگار حاصل نہیں کرسکے ہیں۔ ایندھن کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ پر کانگریس کے سینئر لیڈر نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے عام آدمی بری طرح متاثر ہوا ہے اور سارے ملک میں عوام اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور واضح طور پر اپنی یہ خواہش ظاہر کررہی ہیں کہ این ڈی اے کو اب اقتدار پر فائز نہیں رہنا چاہئے۔ لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے نارائنا سوامی نے انتہائی شائستگی کے ساتھ کہا کہ وہ بھی 29 مئی کو اپنے عہدہ پر دو سال مکمل کریں گی اور وہ پہلے ہی یہ خواہش ظاہر کرچکی تھیں کہ اس عہدہ پر دو سال فائز رہنے کے بعد وہ سبکدوش ہوجائیں گی۔