مودی حکومت کے خلاف ’ دوسری جدوجہد آزادی ‘ ضروری

حکومت نفرت ‘ خوف و انتقام کی سیاست پر عمل پیرا ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس کا احساس ۔ سرجیوالا کا بیان

سیواگرام ( مہاراشٹرا ) 2 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس ورکنگ کمیٹی نے آج کہا کہ نریندرمودی حکومت کے خلاف ایک دوسری جدوجہد آزادی کی ضرورت ہے تاکہ نفرت اور تشدد کے نظریہ کو شکست دی جاسکے ۔ پارٹی نے کہا کہ یہی وجوہات تھیں جن کی وجہ سے گاندھی جی کا قتل کیا گیا ۔ کانگریس نے سیواگرام آشرم ضلع وردھا میں گاندھی جی کی 149 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا ۔ ورکنگ کمیٹی نے آج دارالحکومت دہلی کی سمت پیشرفت کر رہے کسانوں کے ہجوم پر طاقت کے استعمال کی بھی مذمت کی ہے ۔ ورکنگ کمیٹی اجلاس کے بعد پارٹی کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجیوالا نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہاکہ ورکنگ کمیٹی میں دو قرار دادیں منظور کی گئیں۔ ایک قرار داد میں ہندوستان کے فکر و خیال اور کی اصل میں گاندھی جی کے رول اور ان کی خدمات کی یاد تازہ کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم لال بہاردر شاستری کا ’ جئے جوان ۔ جئے کسان ‘ کا جو نعرہ تھا وہ صرف نعرہ نہیں تھا بلکہ وہ طرز زندگی ہے ۔ کانگریس پارٹی کسانوں کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ رندیپ سنگھ سرجیوالا نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کے خلاف دوسری جدوجہد آزادی کی ضرورت ہے کیونکہ یہ حکومت نفرت ‘ تقسیم کرنے ‘ خوف پیدا کرنے ‘ سماج میں نفاق ڈالنے ‘ اختلاف اور مباحث کو کچلنے کی سیاست پر عمل کر رہی ہے ۔ اس کے خلاف جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔ سرجیوالا نے کہا کہ مودی حکومت ہندوستان کی کثرت کے مغائر ہے اور وہ صرف انتقام ‘ جھوٹ اور دھوکہ و دغابازی کی سیاست کر رہی ہے ۔ گاندھی جی کے تعلق سے تقاریر میں بار کرنا یا اظہار خیال کرنا بہت آسان ہے ۔ یہ صرف سیاسی موقع پرستی کہی جاسکتی ہے ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ جن طاقتوں نے گاندھی جی اور ان کی سوچ و نظریات کا قتل کیا ہے اب وہی اس کے چمپئن بننے کا دعوی کر رہے ہیں۔ یہ منافقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جدوجہد آزادی شروع کی جائیگی جو ایسی حکومت کے خلاف ہے جو نفرت ‘ انتقام ‘ دھمکی ‘ قتل ‘ دھمکانے ‘ صحتمندانہ مباحث اور اختلاف کو کچلنے کی سیاست پر عمل کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو کسان اپنی شکایات کے ازالہ کیلئے دہلی کی سمت آرہے تھے انہیں مارپیٹ کی گئی ۔ لاٹھی چارچ کیا گیا ۔ ان پر پانی اور آنسو گیس کے شیلس برسائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی مودی حکومت کی غیر جمہوری کارروائیوں کی مذمت کرتی ہے اور وزیر اعظم پر بھی تنقید کرتی ہے جو اقتدار کے نشہ میں غرق ہیں۔ کانگریس پارٹی کسانوں سے اظہار یگانگت کرتی ہے اور چاہتی ہے کہ ان کی شکایات اور مسائل کی فوری یکسوئی کی جانی چاہئے ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے آج منعقدہ اجلاس کی صدارت پارٹی صدر راہول گاندھی نے کی جبکہ یو پی اے کی صدر نشین سونیا گاندھی اور سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے شرکت کی ۔