منموہن سنگھ حکومت نے دو سال مکمل ہونے پر کچھ بھی خرچ نہیں کیا
ممبئی ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی حکومت نے مئی میں اقتدار کے دو سال کی تکمیل پر کامیابیوں کو نمایاں کرنے کیلئے پرنٹ میڈیا میں اشتہارات پر 35.58 کروڑ روپئے کی رقم خرچ کی۔ آر ٹی آئی کارکن انیل گلگلی کے اس بارے میں پوچھے گئے سوال پر یہ انکشاف ہوا۔ انہوں نے یہ جاننا چاہا کہ 26 مئی 2016ء کو دو سال کی تکمیل پر ملک کے سرکردہ اخبارات میں اشتہارات کی اشاعت کیلئے مرکز نے کتنی رقم خرچ کی۔ پبلک انفارمیشن آفیسر نے 11,236 اخبارات بشمول علاقائی زبانوں کے اخبارات میں شائع اشتہارات کی تفصیل پیش کی۔ آر ٹی آئی کارکن انیل نے ایک اور سوال کرتے ہوئے پیشرو منموہن سنگھ حکومت کے دو سال پورے ہونے پر اشتہارات کے مصارف جاننا چاہا جس پر ڈی اے وی پی نے نفی میں جواب دیا۔ بتایا گیا کہ منموہن سنگھ حکومت کے دو سال پورے ہونے پر ڈی اے وی پی نے اشتہارات کے ذریعہ ایسی کوئی مہم نہیں چلائی۔ اس دوران انیل گلگلی نے وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے یہ تمام اطلاعات ویب سائیٹ پر پیش کرنے کی درخواست کی جیسا کہ ان کے بیرونی دوروں پر کیا جارہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر حکومت کفایت شعاری اپناتے ہوئے ایسے بے جا مصارف سے گریز کرے تو اور بھی اچھا ہوگا۔