مودی حکومت وعدوں کی تکمیل میں ناکام : سومناتھ بھارتی

شمس آباد۔/20اپریل، (سیاست نیوز) مسٹر سومناتھ بھارتی عام آدمی پارٹی رکن اسمبلی و ساؤتھ انڈیا انچارج نے ایرپورٹ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 22 اپریل کو تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں عام آدمی پارٹی لیڈروں کی جانب سے تعلیم و صحت پر سمینار منعقد کیا جارہا ہے جس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کی ترقی، تعلیم و صحت پر توجہ دینے سے ہی ہوگی۔ دہلی میں بجٹ کا25 فیصد تعلیم پر اور 13 فیصد صحت پر خرچ کیا جاتا ہے کسی بھی ریاست میں ایسا نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ کارنامہ انجام دیا۔ دہلی حکومت تعلیم پر خاص توجہ دے رہی ہے جس کے باعث سرکاری اسکولس، خانگی اسکولس سے بہتر نتائج لارہے ہیں۔ سرکاری خرچ پر پرنسپل کو منتخب کرتے ہوئے آکسفورڈ اور کیمبرج یونیورسٹی رونہ کیا گیا۔ جہاں وہ تعلیم کس طرح فراہم کی جارہی ہے اس کا مکمل جائزہ لیں گے اور اسی طرز پر یہاں تعلیم دینے پر غور کیا جارہا ہے۔ مودی حکومت صرف بیان بازی میں ہی مصروف دکھائی دیتی ہے اس نے ایک بھی کام نہیں کیا جو انہوں نے وعدہ کیا تھا۔ 2019 انتخابات میں عوام مودی حکومت کو سبق سکھائیں گے۔ اس موقع پرنسیم بیگم عام آدمی پارٹی مہیلا صدر و تلنگانہ جوائنٹ سکریٹری، لااکٹر سدھاکرن کنوینر، محمد خالد، رام داس، محمد بشیر الدین، آنند اور مہیش وغیرہ موجود تھے۔