مودی حکومت نے چھوٹے تاجرین کی کمر توڑدی

کرناٹک میں کانگریس ۔ جے ڈی (ایس) حکومت کسانوں کے قرض معاف کریگی: راہول

امیٹھی ؍ نئی دہلی ۔4 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے بڑے تاجرین کو فائدہ پہونچاتے ہوئے چھوٹے تاجروں کی کمر توڑ رکھی ہے ۔ صدر کانگریس جو آج اپنے حلقہ انتخاب امیٹھی کو دو روزہ دورہ پر پہونچے، انھوں نے کہاکہ 15 بڑے تاجرین کے دو لاکھ کروڑ روپئے معاف کئے جاچکے ہیں ۔ سب سے پہلا کام جو نریندر مودی جی نے کیا وہ چھوٹے اور متوسط درجہ کے تاجروں کی کمر توڑنا رہا ۔ وہ فرصت گنج میں تمام اسمبلی حلقوں کے نمائندہ منتخب پارٹی کارکنان کے اجتماع سے مخاطب تھے ۔ انھوں نے کہاکہ وزیراعظم نے آپ کی جیبوں سے جی ایس ٹی اور نوٹ بندی کے ذریعہ پیسے چھین لئے اور اسے وجئے مالیا اور نیرو مودی کے حوالے کردیا ہے ۔ انھوں نے نشاندہی کی کہ پیداوار روزگار پر موجودہ حکومت میں شدید اثر پڑا ہے اور بلٹ ٹرین ، ڈوکلم اور کسانوں کی خودکشی کے بشمول کئی مسائل پر مودی کو سخت تنقیدوں کانشانہ بنایا۔ انھوں نے کہاکہ مودی کی بلٹ ٹرین جادوئی ٹرین جیسی ہے جو شاید حقیقت نہیں بن پائے گی ۔ صدر کانگریس نے کسانوں کے بارے میں کہا کہ کرناٹک میں کانگریس ۔ جے ڈی (ایس) حکومت وعدے کے مطابق اپنے بجٹ میں کسانوں کے قرضوں کی معافی کے لئے گنجائش فراہم کرے گی اور یہ ریاست ملک بھر میں کسانوں کے لئے اُمید کی کرن ثابت ہوگی ۔ چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی ریاستی بجٹ کل جمعرات کو پیش کررہے ہیں ۔ مودی حکومت کی خارجہ پالیسی پر سوال اُٹھاتے ہوئے راہول نے اپنا تاثر ظاہر کیا کہ وزیراعظم کو ڈوکلم سرحدی تنازعہ جیسے متنازعہ اور حساس مسائل پر کوئی فکرمندی نہیں معلوم ہوتی ہے ۔ پارٹی کارکنان کے ساتھ میٹنگ کے بعد راہول اپنے حلقہ کے مختلف دیہات کے دورہ پر روانہ ہوگئے ۔ وہ کل مختلف نوجوان کارکنان سے ملاقات کریں گے ۔ ایک پارٹی لیڈر نے کہاکہ اس موقع پر جو نوجوانان جمع ہوں گے ، اُن میں سے کم از کم 250نوجوانوں کو منتخب کرتے ہوئے اُنھیں میڈیا کے شعبہ میں جواہر لعل نہرو لیڈر شپ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے ٹریننگ دیئے جانے کا پروگرام ہے ۔