مودی حکومت صحافیوں کو دبا رہی ہے ‘ ہم تحفظ کرینگے : راہول گاندھی

نئی دہلی 23 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس صدر راہول گاندھی نے آج الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت میں صحافیوں کو دبایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ ان کی پارٹی صحافیوں کا تحفظ کریگی بھلے ہی میڈیا ان کی پارٹی کو تنقیدوں کا نشانہ بناتا رہے ۔ راہول نے کانگریس کی دستور بچاؤ مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ یہاں صحافی موجود ہیں جنہیں دبایا جا رہا ہے ۔ لیکن آئندہ دو تین ماہ میں وہ بولیں گے ۔ سارا ملک بولیگا ۔ کانگریس کی یہ مہم ملک میں دستور پر ہو رہے حملوں کو اجاگر کرنے کیلئے ہے اور دلتوں پر حملوں کو بھی اجاگر کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک صحافیوں کے دفاع کا سوال ہے کانگریس اور بی جے پی حکومتوں کے طریقہ کار میں واضح فرق ہے ۔